ماسکو:(دنیا نیوز) روس نے یوکرین کے مزید 2 طیارے مار گرائے جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس اور یوکرین کی جنگ جاری ہے، روس نے یوکرین کا ایک لڑاکا طیارہ تباہ کردیا، روس نے یوکرینی فوج کے زیر استعمال جہاز دارالحکومت کیف کے قریب مار گرایا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کی جانب سے مار گرائے جانے والے عسکری جہاز میں 14 افراد سوار تھے۔
دوسری جانب ایران نے یوکرین سے اپنے تمام شہریوں کو فوری نکالنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی شہریوں کے انخلاء کے لیے خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی۔
قبل ازیں روس نے بیلسٹک اور کروز میزائلوں سے یوکرین پر حملہ کر دیا، لڑاکا اور بمبار طیاروں کی مدد سے کیف سمیت شہروں میں فوجی ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ یوکرین نے حملے کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔
روسی میزائلوں اور طیاروں کے حملے سے خرکیف ، اوڈیسا ، ماریو پول، کراما تورسک سمیت دیگر یوکرائنی شہر خوفناک دھماکوں سے لرز اٹھے۔
کریملن طیاروں نے یوکرائنی دارالحکومت کیف سمیت شہروں میں موجود فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور میزائل ڈیفنس نظام تباہ کر دیا۔ یوکرینی حکومت نے ملک میں فوری طور پر مارشل لا نافذ کر دیا، فضائی حدود کو مسافر طیاروں کیلئے بند کر دیا گیا، یوکرین فوج نے پانچ روسی طیارے اور ہیلی کاپٹر گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
روسی صدر پیوٹن نے عالمی طاقتوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس، یوکرین آپریشن میں بیرونی مداخلت پر بھرپور جواب دے گا۔
روسی سفیر برائے اقوام متحدہ نے سلامتی کونسل کو مشرقی یوکرین پر حملے سے آگاہ کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ یو این چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت روس کا آپریشن درست ہے۔
دوسری جانب یوکرینی وزیر خارجہ نے روسی حملے پر شدید ردعمل دیا ہے، انہوں نے کہا کہ روس نے یوکرین پر بڑے پیمانے پر حملہ کیا، یوکرین اپنا دفاع کرے گا، فتح ہماری ہوگی۔ یوکرینی وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ روس نے بیلسٹک اور کروز میزائلوں سے حملہ کیا ہے، دارالحکومت کیف، ماریوپول، اڈیسا اور دیگر شہروں پر حملے ہوئے ہیں۔
اُدھر روس یوکرین تنازع پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس جاری ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے خطے کی بگڑتی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیوٹن اپنے فوجیوں کو یوکرین پر حملے سے روکیں۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے یوکرین پر روسی حملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ روسی اقدام تباہ کن انسانی نقصان کا سبب بنےگا، یوکرین حملے پر دنیا روس کو جوابدہ ٹھہرائے گی، روسی اقدامات پر مضبوط اور متحد ردعمل کیلئے نیٹو سے رابطہ کریں گے۔ نیٹو چیف نے بھی روس کےیوکرین کےخلاف ملٹری آپریشن کوغیرذمہ دارانہ اور بلا اشتعال اقدام قرار دیتے ہوئے مذمت کی ہے۔