ترکی میں مذاکرات کے بعد یوکرین میں روسی جنگی کارروائیوں میں کمی

Published On 30 March,2022 08:57 am

کیف: (دنیا نیوز) ترکی میں مذاکرات کے بعد یوکرین میں روسی کارروائیوں میں کمی آنے لگی، روسی افواج کیف کے مضافات سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ روس فوجی انخلاء نہیں کر رہا بلکہ اپنی فوج کو نئی پوزیشن پر تعینات کر رہا ہے۔

ترکی میں مذاکرات کے بعد روسی حکمت عملی تبدیل، کیف کے محاصرے سے روسی افواج پیچھے ہٹنے لگیں۔ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، یہ روس کی نئی چال ہے، امریکا نے خبردار کردیا۔ استنبول میں روسی وفد کے سربراہ کا کہنا ہے کہ وہ کیف پر حملوں میں کمی لارہے ہیں، روس فوج کیف کے محاصرے سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔ دوسری جانب روسی طیاروں نے میکولائیف شہر میں ایک سرکاری عمارت پر بمباری کی، حملے میں عمارت زمین بوس ہو گئی، 7افراد ہلاک، 22 زخمی ہوگئے۔ یوکرینی صدر کا کہنا ہے کہ ملبہ ہٹایا جارہا ہے، ہلاکتیں زیادہ بھی ہوسکتی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے یوکرینی فوج کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ روسی فوج کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیا ہے، روس کو شکست دینے کے لیے اس مرحلے پر انہیں مزید ہتھیاروں کی ضرورت ہے۔ یوکرینی فوج نے روس سے چھینے گئے بھاری ہتھیاروں کی ویڈیو جاری کردی۔ یورپی ملکوں سے روسی سفارتکاروں کی بے دخلی کا سلسلہ بھی جاری ہے نیدر لینڈ نے 17 روسی سفارتکاروں کو جاسوسی کے الزامات کے تحت ملک بدر کردیا۔ بیلجئیم نے بھی 21 روسی سفارتکاروں کو جاسوس قرار دے کر بے دخل کیا۔ برطانیہ نے روسی ارب پتی کالگژری جہاز قبضے میں لے لیا۔
 

Advertisement