واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے پاکستان کے سفیر کے مراسلے میں لگے الزامات کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے حقائق کے خلاف قرار دے دیا۔
وائٹ ہاؤس کی کمیونی کیشن ڈائریکٹر"کیٹ بیڈنگ فیلڈ" نے کہا کہ مراسلےمیں لگے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ مراسلےمیں لگے الزامات میں صداقت نہیں، انہوں نے کہا پاکستان میں ہونے والی پیش رفت کو دیکھ رہے ہیں، ہم پاکستان کے آئینی عمل اور قانون کی حکمرانی کا احترام اور حمایت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی سفارتکار کی وزارت خارجہ طلبی، اندرونی معاملات میں مداخلت پر شدید احتجاج
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے سینئر امریکی سفارتکار کو وزارت خارجہ طلب کر کے اندرونی معاملات میں مداخلت پر شدید احتجاج کیا ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی حکومت کو امریکی دھمکی کے معاملے پر وزارت خارجہ حکام نے امریکی سفارتکار کو احتجاجی مراسلہ تھمایا، احتجاجی مراسلے میں امریکی حکومت سے پاکستانی داخلی معاملات میں عالمی قوانین اور سفارتی آداب کے منافی مداخلت پر شدید احتجاج کیا گیا۔