کیف: (دنیا نیوز) یوکرین نے روس پر ماریوپول شہر میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام لگا دیا، امریکا نے کہا ہے کہ فی الحال کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی تصدیق نہیں کر سکتے جبکہ روسی صدر پیوٹن نے کہا ہے کہ اہداف کے حصول تک جنگ جاری رہے گی۔
روس اوریوکرین میں 49 ویں روز بھی جنگ جاری، روسی فوج کی جنوبی یوکرین میں پیش قدمی جاری ہے جہاں یوکرینی فورسز کو شمال کی جانب دھکیل دیا ہے۔ یوکرین نے روس پر ماریوپول شہر میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام لگا دیا ہے جس پر کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے ادارے" اوپی سی ڈبلیو" نے تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ وہ فی الحال کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی تصدیق نہیں کرسکتے۔
ادھرامریکی صدر جوبائیڈن نے روسی ہم منصب پر نسل کشی کا الزام لگایا ہے، جوبائیڈن نے امریکا میں مہنگائی اور گیس قیمتوں میں اضافے کا ذمہ داربھی پیوٹن کو قراردیا۔
دوسری جانب روسی صدر نے کہا ہے کہ یوکرین میں فوجی آپریشن منصوبے کےتحت جاری رہے گا۔
یورپی یونین نے خبردار کیا ہے کہ روس یوکرین جنگ خوراک کا عالمی بحران پیدا کررہی ہے جبکہ ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے مطابق رواں سال دنیا بھر میں تجارتی شرح نمو کم رہے گی۔