کیف:(دنیا نیوز) روس کی جانب سے یوکرین پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، خارکیف کے رہائشی علاقے میں روس کی شیلنگ سے 7 افراد ہلاک اور 34 زخمی ہوگئے جبکہ زخمی ہونے والوں میں گراؤنڈ میں کھیلنے والے بچے بھی شامل ہیں، شیلنگ سے کئی گاڑیاں تباہ، گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔
خبر ایجنسی کے مطابق یوکرینی پولیس کا کہنا ہے کہ کیف کے علاقے سے 900 سے زائد لاشیں ملی ہیں جبکہ یوکرینی صدر نے امریکی ہم منصب سے روس کو "دہشتگرد ریاست" قرار دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔
دوسری جانب روس نے برطانوی وزیراعظم سمیت کئی اہم شخصیات پر ملک داخلے پر پابندی لگا دی ہے، پابندی لگنے والوں میں سیکریٹری خارجہ اور مزید 10 برطانوی حکام شامل ہیں۔
ادھر سربین دارالحکومت میں روس کے حق میں مظاہرہ کیا گیا، ہزاروں شہری روس اور سربیا کے جھنڈے اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے، صدرپیوٹن کی تصاویر اٹھائے مظاہرین نے روسی سفارتخانے تک مارچ کیا، مارچ کا مقصد جنگ کے بعد روس سے ملکی تعلقات میں سرد مہری کا خاتمہ تھا، شہریوں نے فائر اسٹکس جلائیں اور دونوں ممالک کے ترانے بجائے، مظاہرین کی جانب سے "سربیائی اور روسی ہمیشہ کیلئے بھائی" کے نعرے لگائے گئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتوں میں سربیا اقوام متحدہ کی قراردادوں میں 3 بار روس کے خلاف ووٹ ڈال چکا ہے۔