بھارت: مٹی کا تودہ گرنے سے مرنیوالوں کی تعداد 42 ہوگئی، درجنوں فوجی شامل

Published On 04 July,2022 10:44 pm

منی پور:(ویب ڈیسک) بھارتی ریاست منی پور میں فوجی کیمپ پر مٹی کا تودہ گرنے سے مرنے والوں کی تعداد 42 ہوگئی جن میں 27 انڈین فوجی اور ریلوے اہلکار شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مٹی کا تودہ بدھ کی رات ریلوے کے تعمیراتی مقام توپل یارڈ کے قریب آرمی کے کیمپ پرگرا تھا، اب تک فوج کے 13 اہلکاروں اور پانچ شہریوں کو بچا لیا گیا ہے جبکہ 28 افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔

اس حوالے سے سرکاری بیان میں کہا گیا ہے بارش کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے اس لیے ملبے میں دبے اہلکاروں کی موجودگی کا پتہ لگانے کے لیے فضا سے تھرو وال ریڈار کو بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔

ہلاک شدگان اور زخمیوں میں ریلوے اہلکار بھی شامل ہیں جو وہاں ایک زیر تعمیر ریلوے یارڈ اور اس سے ملحقہ ایک سیکیورٹی کیمپ پر موجود تھے، علیحدگی پسندوں کے حملوں کے باعث ریلوے اہلکاروں کی حفاظت کیلئے بھارتی فوج کو تعینات کیا گیا تھا۔

بھارتی فوج کی آسام رائفلز، ٹیریٹوریل آرمی اورقدرتی آفات سے نمٹنے کے مرکزی اور ریاستی اہلکاروں نے ملبے کے نیچے پھنسے لوگوں کو بچانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ مکینوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مسلسل بارش کی وجہ سے چوکنا رہیں۔
 

Advertisement