اسرائیلی فورسز کے مغربی کنارے میں متعدد مقامات پر رات گئے حملے

Published On 25 July,2022 08:34 am

مغربی کنارا: (دنیا نیوز) صیہونی ریاست اسرائیل کی فورسز نے فلسطین کے مغربی کنارے میں متعدد مقامات پر رات گئے حملے کیے جن میں 2 فلسطینی شہید ہو گئے۔

مقامی افراد کے مطابق رات کو متعدد مقامات پر شدید فائرنگ کی آواز سنی گئی، ان واقعات میں دو فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ چار فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ شہید فلسطینی نوجوانوں کے جنازے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور آزادی کے نعرے لگائے۔

واضح رہے کہ اسرائیل طویل عرصے سے فلسطین میں ریاستی دہشت گردی کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے، اسرائیلی فوجی تمام تر عالمی قوانین کو روندتے ہوئے فلسطینی علاقوں میں داخل ہو جاتے ہیں اور نہتے شہریوں پر فائرنگ کر کے شہید کر دیتے ہیں، جو شخص ان مظالم پر آواز بلند کرتا ہے، اسے گرفتار کر کے عقوبت خانوں میں انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، دیگر اسلامی ممالک ان واقعات کی مذمت تو کرتے ہیں تاہم ایسا کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا جاتا کہ ان مظالم کو مستقل طور پر روک دیا جائے۔
 

Advertisement