روس کی امریکا کو براہ راست فوجی تصادم کی وارننگ

Published On 05 October,2022 10:55 pm

ماسکو:(دنیا نیوز) روس نے امریکا کو براہ راست فوجی تصادم کی وارننگ دے دی۔

ماسکو نے خبردار کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے یوکرین کو مزید فوجی امداد بھیجنے کے فیصلے سے روس اور مغرب کے درمیان براہ راست فوجی تصادم کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

امریکا میں روس کے سفیر اناطولی انتونوف نے کہا ہے کہ یہ ماسکو کے لیے فوری خطرہ ہے۔

ایک بیان میں روسی سفیر نے متنبہ کیا کہ کیف حکومت کو بھاری ہتھیاروں کی فراہمی جاری رکھنے کے امریکی فیصلے سے تنازع میں شریک فریق کی حیثیت سے واشنگٹن کی حیثیت کو تقویت ملے گی۔

روسی سفیر نے مطالبہ کیا کہ واشنگٹن ایسے اشتعال انگیز اقدامات بند کرے جو سنگین نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں امریکا نے یوکرین کو مزید 62 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی فوجی امداد دینے کا اعلان کیا تھا۔