کیف : (دنیا نیوز) یوکرینی شہریوں کو منجمد موسم سرما سے بچنے میں مدد کیلئے یوکرین کے اتحادیوں نے ایک ارب یورو دینے کا وعدہ کیا ہے۔
اس حوالے سے فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ پیرس میں تقریباً 70 ممالک اور اداروں نے یوکرین کے پانی، خوراک، توانائی، صحت اور نقل و حمل کو برقرار رکھنے میں مدد کا وعدہ کیا۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے توانائی کے شعبے کیلئے آٹھ سو ملین یورو کی امداد مانگی تھی۔
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بین الاقوامی امدادی کانفرنس سے خطاب میں کہا تھا کہ یوکرین کو توانائی کے شعبے میں ہنگامی طور پر 842 ملین ڈالر کی ضرورت ہے۔
ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ ’ٹرانسفارمرز، خراب ہائی وولٹیج پاور لائنوں کی مرمت کے لیے آلات کی ضرورت ہے۔ یوکرین کو فوری طور پر جنریٹرز اور گیس ٹربائنز کی بھی ضرورت ہے۔‘
یاد رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان کئی ماہ سے جنگ جاری ہے، عالمی برادری نے یوکرین پر روسی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے جبکہ کئی مغربی ممالک اور امریکا یوکرین کی مدد کر رہے ہیں ، دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کی تنصیبات پر فضائی اور زمینی حملوں کا سلسلہ برقرار ہے۔