ماسکو: (ویب ڈیسک)روس نے میدان جنگ میں اپنے فوجیوں کا حوصلہ بڑھانے کیلئے گلوکاروں سے مدد لینے کا فیصلہ کرلیا۔
روسی وزارت دفاع نے فرنٹ لائن تخلیقی بریگیڈ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں گلوکار اور موسیقار دونوں شامل ہوں گے۔
روسی میڈیا کے مطابق تخلیقی بریگیڈ پیشہ ور فنکاروں پر مشتمل ہے جسے فرنٹ لائن پر فوجیوں کی نفسیاتی حالت کو برقرار رکھنے کا کام سونپا جائے گا۔
یوکرین جنگ میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان، کمزور قیادت، تنخواہ کے مسائل، ساز و سامان اور گولہ بارود کی کمی اور جنگ کے مقاصد واضح نہ ہونے کی وجہ سے روسی فوجی مایوسی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے روس کو مشکلات کا سامنا ہے۔
درین اثنا روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے یوکرین میں فرنٹ لائن مورچوں کا دورہ کرکے روسی یونٹوں کی پوزیشنوں کو چیک کیا، انہوں نے روسی فوجیوں سے میدان جنگ کی صورتحال پر بات چیت بھی کی۔