کابل : (ویب ڈیسک ) طالبان حکومت کی جانب سے خواتین کے این جی اوز میں کام کرنے پر پابندی کے اعلان کے بعد 4 فلاحی تنظمیوں نے اپنے آپریشنز معطل کر دیے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چار بڑے بین الاقوامی امدادی گروپوں نے افغانستان میں اپنی کارروائیاں طالبان حکمرانوں کی طرف سے خواتین کے غیر سرکاری اداروں میں کام کرنے پر پابندی کے فیصلے کے بعد معطل کر دی ہیں۔
سیو دی چلڈرن، انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی، نارویجین ریفیوجی کونسل اور کیئر نے کہا کہ وہ افغانستان میں بچوں، خواتین اور مردوں تک مؤثر طریقے سے نہیں پہنچ سکتے جب ان کی افرادی قوت میں خواتین شامل نہ ہوں۔
چاروں این جی اوز صحت کی دیکھ بھال، تعلیم، بچوں کے تحفظ اور غذائیت کی خدمات اور گرتے ہوئے انسانی حالات کے درمیان مدد فراہم کر رہی ہیں۔
نارویجن ریفیوجی کونسل کے سربراہ نیل ٹرنر کا کہنا تھا کہ ہم نے تمام ثقافتی اصولوں کی تعمیل کی ہے اور ہم اپنے وقف شدہ خواتین عملے کے بغیر کام نہیں کر سکتے، جو ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم ان خواتین تک رسائی حاصل کریں جنہیں مدد کی اشد ضرورت ہے۔