بیٹی کی نازیبا ویڈیو پر احتجاج کرنیوالا بھارتی فوجی قتل، ملزمان گرفتار

Published On 28 December,2022 02:56 am

نئی دہلی : ( ویب ڈیسک ) بھارتی ریاست گجرات میں بیٹی کی نازیبا ویڈیو وائرل ہونے پر احتجاج کرنے والے بی ایس ایف اہلکار کو قتل کر دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گجرات کے چکلاسی گاؤں میں پیش آنے والے واقعہ میں میلا جی نامی بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکار کو بیٹی کی نازیبا ویڈیو وائرل ہونے کیخلاف احتجاج کرنے پر ملزم اور اسکے خاندان کے سات افراد نے قتل اور اسکے بیٹے کو زخمی کردیا ۔

اہلکار کی اہلیہ نے پولیس کو مقدمہ کی درخواست دیتے ہوئے بتایا کہ محلے کے ایک نوجوان نے ان کی نوجوان بیٹی کی نازیبا ویڈیو انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کی جو وائرل ہو گئی۔

ویڈیو وائرل ہونے پر شوہر اور بیٹا لڑکے کے گھر گئے اور احتجاج کیا جس پر ملزم کے باپ اور بھائیوں نے لاٹھیوں سے حملہ کردیا جس میں شوہر کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی اور بیٹا زخمی ہوا جو کہ ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

گجرات پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

مدعیہ کی جانب سے یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملزمان نے اسکے شوہر کو پوری منصوبہ بندی کے ذریعے قتل کیا۔

Advertisement