پیرو کے سابق صدر پیدرو کاستیلو کی سزا کیخلاف اپیل خارج

Published On 31 December,2022 04:22 am

لیما : ( ویب ڈیسک ) پیرو کی سپریم کورٹ نے سابق صدر پیدرو کاستیلو کو بغاوت کے الزامات کے تحت دی گئی 18 ماہ قید کی سزا کے خلاف اپیل خارج کر دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پیرو کی سپریم کورٹ کے اپیل چیمبر نے جمعرات کو اس فیصلے کا اعلان کیا جبکہ عدالت کی جانب سے سابق وزیر اعظم انی بال پر بھی بیرون ملک سفر کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

کاستیلو کے وکیل نے عدالتی فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میرے موکل نے ایسے جرائم نہیں کئے جو بغاوت کا باعث بنیں اور انہیں دی جانے والی سزا بے بنیاد ہے۔

قبل ازیں کاستیلو نے کیس کی سماعت کے دوران بغاوت اور سازش کے جرائم کے ارتکاب سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس کی مقدمے سے پہلے کی قید نے صرف ہمارے ملک کو پولرائز کرنے کا کام کیا اور یہ سب سیاسی انتقام سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔

دوسری جانب سابق صدر کے مواخذے اور برطرفی پر ملک بدامنی کا شکار ہے، کاستیلو کی گرفتاری کے بعد پیرو میں بڑے پیمانے پر مظاہرے شروع ہو گئے تھے جس کو بہت سے لوگوں نے بغاوت کی کوشش قرار دیا تھا۔