چین کا امریکا سے تائیوان کے ساتھ عسکری رابطہ بند کرنے کا مطالبہ

Published On 31 December,2022 04:35 am

بیجنگ : ( ویب ڈیسک ) چینی حکومت نے امریکا سے تائیوان کو اسلحے کی فروخت اور عسکری سطح پر رابطہ بند کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی وزرات خارجہ کے ترجمان وانگ وین نے جمعہ کے روز امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تائیوان کو تقریباً 18 کروڑ امریکی ڈالر کے ٹینک شکن بارودی سرنگیں بچھانے والے نظام کی فروخت کی منظوری کے معاملے پر رد عمل دیا۔

ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ چین اپنے اقتدار اعلیٰ اور سیکورٹی مفادات کی بھرپور حفاظت کرے گا، امریکا آبنائے تائیوان میں کشیدگی کا نیا عنصر پیدا کرنے کی کوشش بند کرے۔

چینی ترجمان نے مزید کہا کہ چین ہمیشہ سے امریکہ کے تائیون کو اسلحے کی فروخت کرنے کی مخالفت کرتا آرہا ہے اور چین امریکہ پر زور دیتا ہے کہ وہ تائیوان کو اسلحے کی فروخت اور تائیوان کے ساتھ عسکری رابطہ بند کرے۔