ابوظہبی : ( ویب ڈیسک ) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نھیان نے نیشنل میڈیا آفس کے قیام کے لیے وفاقی قانون جاری کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نئے ادارے کا مقصد متحدہ عرب امارات کے میڈیا کے ایکو سسٹم کو مزید فروغ دینا ہے تاکہ ملکی مفادات کو پورا اور علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر میڈیا سیکٹر کی پوزیشن کو مضبوط کیا جا سکے۔
قانون میں کہا گیا ہے کہ نیشنل میڈیا آفس وزیر برائے صدارتی عدالت کو رپورٹ کرے گا اور اپنے فرائض اور مینڈیٹ کو پورا کرنے میں مالی اور انتظامی طور پر خود مختار ہوگا۔
یہ ملک کی میڈیا انڈسٹری کی قیادت کرنے کے لیے ایک ہنر مند نسل کو بااختیار بنانے کے علاوہ میڈیا شراکت داروں کے درمیان تعاون اور کوششوں کو بھی مستحکم کرے گا۔
رپورٹس کے مطابق شیخ محمد بن زاید آل نھیان نے ایک وفاقی فرمان جاری کیا ہے جس کے تحت زاید بن حمدان بن زاید آل نھیان کو وزیر کے عہدے کے ساتھ نیشنل میڈیا آفس کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔