سری نگر: (ویب ڈیسک) اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کی کنیا کماری سے شروع ہونے والی 'بھارت جوڑو یاترا' پیر کے روز مقبوضہ کشمیر پہنچے گی، اسی دوران مقبوضہ کشمیر میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے ہیں جن میں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جموں کے علاقے میں واقع لاری اڈے پر ہونے والے دھماکوں میں 10 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے 6 کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
دھماکے سے قریب کھڑی گاڑیاں تباہ اور کئی فٹ گہرا گڑھا بن گیا، دھماکہ اس قدر زور دار تھا کہ اس کی گونج سے جائے وقوعہ پر افراتفری مچ گئی۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی پولیس نے دھماکوں میں دہشت گرد عناصر کے ملوث ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے تاہم ابھی تک کسی شدت پسند گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔