لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں ہونے والے2028 اولمپکس میں کرکٹ شامل نہیں ہو گی۔
انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی (آئی او سی) نے کرکٹ کو 8 کھیلوں سمیت اولمپکس گیمز میں شامل کرنے کیلئے شارٹ لسٹ کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے اس حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کر دیا۔
آئی سی سی نے کرکٹ کو اولمپکس 2032 میں شامل کرنے کیلئے نئی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہے اور بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری جے شاہ نئی کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔
خیال رہے کہ 1900 میں ہونے والی پیرس اولمپکس میں کرکٹ کو پہلی اور آخری بار شامل کیا گیا تھا، اس کے علاوہ 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں کرکٹ کو شامل کیا گیا تھا اور ویمنز ٹیموں کے درمیان ٹی 20 مقابلے ہوئے تھے جن میں 8 ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی تھی۔
کامن ویلتھ گیمز میں کرکٹ میں آسٹریلیا نے گولڈ میڈل جیتا تھا۔