پیرس : ( ویب ڈیسک ) فرانس نے برکینا فاسو کی حکومت کی جانب سے فوجی معاہدے کو ختم کرنے کے حوالے سے کی جانے والی درخواست پر رضامندی ظاہر کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی افریقی ملک برکینا فاسو کی حکومت نے فرانس کے ساتھ 2018 میں کئے گئے فوجی معاہدے کو ختم کرنے کی درخواست کی تھی جس پر فرانسیسی حکومت نے رضامندی کا اظہار کیا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان 2018 میں طے پانے والے فوجی معاہدے کے تحت فرانسیسی فوجیوں کو برکینا فاسو میں مسلح گروہوں کیخلاف لڑنے کی اجازت دی گئی تھی۔
گزشتہ ہفتے برکینا فاسو کی حکومت کے ترجمان رمتلبا جین نے کہا تھا کہ برکینابے حکام چاہتے ہیں کہ فرانس ایک ماہ کے اندر اندر اپنی فوجیں ملک سے نکال لے، یہ برطرفی معمول کی بات ہے اور معاہدے کی شرائط میں متوقع ہے۔
فرانسیسی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بدھ کے روز تصدیق کی ہے کہ برکینابی حکومت نے فرانسیسی فوجیوں کی واپسی کے لیے تحریری درخواست بھیجی ہے اور ہم اس درخواست کا احترام کرتے ہوئے معاہدے کی شرائط کا احترام کریں گے۔
واضح رہے کہ برکینا فاسو میں فوج کی جانب سے اقتدار سنبھالنے کے بعد کئی مظاہرے ہوئے ہیں جن میں فرانسیسی سفیر کے ساتھ ساتھ فرانسیسی فوجیوں کی روانگی کا مطالبہ کیا گیا ہے جبکہ مظاہرین نے گزشتہ سال اکتوبر میں دارالحکومت میں فرانسیسی ثقافتی مرکز پر حملہ بھی کیا تھا۔