نیویارک : ( ویب ڈیسک ) امریکی صدر جو بائیڈن نے نیو سٹارٹ نیوکلیئر ہتھیاروں کے معاہدے کو معطل کرنے کے روس کے فیصلے کو بڑی غلطی قرار دے دیا۔
روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے روسی عوام کے ساتھ اپنے خطاب میں معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، 2010 میں طے پانے والے اس معاہدے کے تحت امریکا اور روس کے جوہری ہتھیاروں کی تعداد کو محدود رکھنے پر اتفاق اور دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے ہتھیاروں کا معائنہ کرنے کا اختیار دیا گیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر نے پولینڈ میں نیٹو اتحادیوں کے ایک اہم گروپ سے ملاقات سے قبل بات کرتے ہوئے نیو سٹارٹ معاہدے کو معطل کرنا روس کی بڑی غلطی قرار دیا اور کہا کہ ہم نیٹو کے ایک ، ایک انچ کا عہد کریں گے، آرٹیکل 5 ایک مضبوط عہد ہے جو امریکا نے کیا ہے۔
آرٹیکل 5 کے مطابق نیٹو کے کسی بھی رکن ملک پر حملہ سب پر حملہ سمجھا جاتا ہے اور اس کے لیے مشترکہ ردعمل کی ضرورت ہوتی ہے۔
امریکی صدر نے ہتھیاروں اور مزید ہنگامی امداد کے ذریعے یوکرین کی مسلسل حمایت جاری رکھنے کا بھی اعادہ کیا۔