یونان میں ٹرین حادثے کے خلاف ہزاروں افراد کا احتجاج

Published On 13 March,2023 05:13 am

ایتھنز : ( ویب ڈیسک ) یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں ہزاروں افراد نے مہلک ترین ٹرین حادثے کے خلاف احتجاج کے لیے ریلی نکالی جس میں گزشتہ ماہ درجنوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریلی کا اہتمام سرکاری ملازمین، ایک حامی کمیونسٹ یونین اور یونیورسٹی کے طلباء نے کیا تھا، یونان کے دوسرے سب سے بڑے شہر تھیسالونیکی میں تقریباً 5000 افراد نے مظاہروں میں شرکت کی۔

مظاہرین نے یونان کے ریلوے نیٹ ورک میں حفاظتی کوتاہیوں پر برہمی کا اظہار کیا اور 28 فروری کو مسافر ٹرین اور مال بردار ٹرین کے درمیان ہونے والے تصادم کے ذمہ داروں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

ایتھنز کے سنٹاگما سکوائر پر احتجاج کرنے والے مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا ہم نہیں بھولیں گے، ہم معاف نہیں کریں گے اور ہم تمام مرنے والوں کی آواز بنیں گے۔

دوسری جانب حکام نے احتجاج کی وجہ سے وسطی ایتھنز سے گزرنے والی دو لائنوں پر چار میٹرو اسٹیشن بند کر دیے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں یونان کے شہر لاریسا کےقریب مسافر اور مال بردار ٹرین کی ٹکر کے نتیجے میں مسافر ٹرین کی 4 بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں جبکہ 2 بوگیوں میں آگ لگی تھی ، مسافر ٹرین میں تقریباً 350 مسافر سوار تھے جبکہ حادثے کے نتیجے میں 57 افراد ہلاک ہوئے تھے۔