نیویارک: (دنیا نیوز) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فرد جرم عائد ہونے کے بعد عدالت میں پیشی کے لئے فلوریڈا سے نیویارک پہنچ گئے ہیں۔
سابق امریکی صدر اپنی رہائش گاہ ٹرمپ ٹاور میں موجود ہیں، وہ عدالت میں فرد جرم کا سامنا کریں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ فلوریڈا سے خصوصی پرواز بی 752 میں نیویارک کے لئے روانہ ہوئے تو ان کی اس پرواز کو دنیا بھر سے بیک وقت 82 ہزار سے زائد لوگوں نے ٹریک کیا۔
سابق امریکی صدر نے 2 بوئنگ J4ER-757 طیارے میں سفر کیا، ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی طیارے نے مقامی وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے 3 بجے نیویارک ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی پیشی کے موقع پر نیویارک میں ہنگامہ آرائی کرنے والوں سے نمٹنے کے لئے انتظامات کرلیے گیے ہیں۔
نیویارک کے میئر نے بھی خبردار کیا ہے کہ پرتشدد احتجاج کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر سال 2016 کے صدارتی انتخابات سے پہلے فحش فلموں کی اداکارہ کو مبینہ طور پر تعلق چھپانے کے لئے رقم ادا کرنے کے مقدمے میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
امریکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی موجودہ یا سابق صدر کو مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔