سعودی عرب کی مسجد اقصیٰ میں کھلی اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت

Published On 05 April,2023 12:13 pm

ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب نے اسرائیلی فوج کی جانب سے مسجد اقصیٰ پر حملے، نمازیوں کو زخمی کرنے اور متعدد کو گرفتار کرنے کی مذمت کی ہے۔

سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں سعودی عرب نے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیل کے نمازیوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسا طرز عمل امن کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ قبضے کو ختم کرنے اور مسٔلہ فلسطین کے منصفانہ اور جامع حل تک پہنچنے کے لیے تمام کوششوں کی حمایت میں اس کے مضبوط موقف کی تصدیق کرتا ہے۔

یہ حملہ رمضان کے مقدس مہینے میں کیا گیا جو اسلام میں روحانیت اور عبادات کا اہم وقت ہے۔

یہ بھی پڑھیں :اسرائیلی پولیس کا مسجد الاقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ، متعدد زخمی

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس طرح کے اقدامات مقدس مذہبی مقامات کے احترام کے حوالے سے بین الاقوامی اصولوں اور ضابطوں کی خلاف ورزی ہیں۔

فلسطینی گروپوں نے بھی نمازیوں پر اسرائیل کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے جرم قرار دیا ہے ، علاوہ ازیں سعودی عرب کے ساتھ ساتھ اردن اور مصر نے بھی اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب مقبوضہ بیت المقدس میں واقع مسلمانوں کے تیسرے مقدس ترین مقام مسجد اقصیٰ میں دھاوا بول کر درجنوں نمازیوں کو زخمی کر دیا ہے، جبکہ 350 سے زائد کو گرفتار بھی کرلیا۔