بیت المقدس : ( ویب ڈیسک ) فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی جارحیت مسلسل تیسرے روز بھی جاری ہے، صیہونی فوج نے رات گئے فلسطین کے شہر غزہ پر راکٹ فائر کیے اور متعدد مقامات پر بمباری کی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج کے حملے میں میں کم از کم چھ افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ بدھ کے روز اسرائیلی پولیس نے مسجد الاقصیٰ کے احاطے میں درجنوں نمازیوں پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے تھے ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوجی حملوں کے بعد غزہ بھر میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں ، ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں، حملوں میں متعدد مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
فلسطینی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملوں میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے کئی تربیتی مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اسرائیل کا دعویٰ
اسرائیلی فوج نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے غزہ میں دو سرنگوں اور دو ہتھیاروں کی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ لبنان کی جانب سے مختلف مقامات پر راکٹ فائر کیے گئے ہیں جن میں سے پانچ اسرائیلی علاقے میں گرے جبکہ 25 کو روک لیا گیا ہے، اسرائیلی فوج کے ترجمان نے میزائل حملوں میں حزب اللہ کے ملوث ہونے کا اشارہ بھی دیا۔
حزب اللہ کا رد عمل
حزب اللہ نے فوری طور پر ان الزامات کا جواب نہیں دیا لیکن لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے اسرائیلی حملوں کی مذمت کی ہے۔
نیتن یاہو کی دھمکی
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اپنے ایک بیان میں دھمکی دی تھی کہ راکٹ فائر کے نتیجے میں اسرائیل اپنے دشمنوں کے خلاف سخت جوابی کارروائی کرے گا، ان دشمنوں کو پتہ چل جائے گا کہ جب آزمائش کی جائے گی تو اسرائیلی متحد کھڑے ہوں گے ۔
امریکا کا اظہار تشویش
امریکا نے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی کارروائی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یروشلم میں تشدد آمیز مناظر پر تشویش ہے، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ اسرائیل اور فلسطینی حکام سے رابطے میں ہے۔
سربراہ اعلیٰ اسلامی کونسل
مقبوضہ بیت المقدس میں اعلیٰ اسلامی کونسل کے سربراہ شیخ عکرمہ صابری نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کو کنٹرول کرنے کی تمام اسرائیلی کوششیں ناکام ہیں اور کبھی کامیاب نہیں ہوں گی، مسجد اقصیٰ اسلامی عقیدے کا حصہ ہے اور مسلم قوم اپنی سرزمین کا ایک ذرہ بھی نہیں چھوڑ سکتی۔
شیخ عکرمہ صابری نے کہا کہ اسرائیلی قابض پولیس مسجد اقصیٰ میں مسلمان نمازیوں پر حملہ کرتی ہے اور انہیں دباتی ہے تاکہ یہودی آباد کاروں کو بغیر کسی تصادم کے اس کے صحنوں کو ناپاک کرنے کی اجازت دی جائے۔
انہوں نے عرب اور مسلم اقوام کو مسجد اقصیٰ کے تحفظ کی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
Sheikh Sabri: Israeli attempts to control Aqsa will fail Via PIC @PalinfoEn https://t.co/TCZgWiyciV
— Palestine Info Center (@palinfoen) April 7, 2023