بیروت : ( ویب ڈیسک ) اسرائیلی ڈیفنس فورسز( آئی ڈی ایف ) کی جانب سے راکٹ حملوں کے جواب میں لبنان اور فلسطین کے مختلف علاقوں میں بمباری شروع کر دی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کی جانب سے جوابی حملوں کے بعد لبنان اور غزہ کی پٹی میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، یہ حملے جنوبی لبنان سے اسرائیل پر راکٹ حملوں کے بعد ہوئے ہیں جن کا الزام اسرائیلیوں نے فلسطینی گروپ حماس پر عائد کیا ہے۔
حماس کا کہنا تھا کہ اسے اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے کہ یہ میزائل لبنان سے کس نے داغے تھے۔
حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے جو راکٹ داغے جانے کے وقت لبنان میں تھے کہا کہ فلسطینی اسرائیلی جارحیت کے سامنے ہتھیار باندھ کر نہیں بیٹھیں گے۔
اسرائیل ڈیفنس فورسز (IDF) نے کہا کہ جنوبی لبنان میں حماس کے دہشت گرد انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا۔
یاد رہے کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر مسلسل حملوں کے بعد ان دنوں کشیدگی عروج پر ہے۔