خرطوم : (ویب ڈیسک ) سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورس کے درمیان دوسرے روز بھی جھڑپیں جاری ہیں جس کے نتیجے میں اب تک 93 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوڈان میں فوج اور بغاوت کی کوشش کرنیوالی پیرا ملٹری فورس میں لڑائی کا سلسلہ جاری ہے ، سوڈانی ڈاکٹرز یونین نے کہا ہے کہ سوڈان میں جھڑپوں میں اب تک 97 شہری ہلاک اور 365 زخمی ہوئے ہیں۔
سوڈان کی پیرا ملٹری فورس کے سربراہ محمد حمدان دگالو نے دعویٰ کیا ہے کہ خرطوم کے بیشتر سرکاری مقامات پر ان کے گروپ نے قبضہ کرلیا ہے۔
دوسری جانب ملک کے فوجی رہنما جنرل عبدالفتاح البرہان نے دگالو کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئےکہا کہ فوج نے سرکاری مقامات پر کنٹرول برقرار رکھا ہے۔
سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں جھڑپوں کی وجہ سے شدید فائرنگ اور دھماکے سنے گئے، فائرنگ خرطوم میں سوڈانی آرمی ہیڈکوارٹرز اور وزارت دفاع کے آفس کے قریب ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں :سوڈان: فوج اور پیراملٹری فورسز کے درمیان جھڑپیں، دارالحکومت دھماکوں سے گونج اٹھا
اقتدار کی رسہ کشی اور فوجی بغاوتوں کے بعد سوڈان کو سویلین حکمرانی میں واپس لانے کی طویل عرصے سے جاری کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔
دوسری جانب سعودی پریس ایجنسی نے بتایا تھا کہ سعودی عرب، امریکہ اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ رابطے میں سوڈان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے ۔