الاباما: (ویب ڈیسک ) امریکی ریاست الاباما میں سالگرہ کی تقریب میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں 4 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فائرنگ میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر نوجوان شامل ہیں جو سالگرہ کی تقریب میں شرکت کیلئے وہاں موجود تھے ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مقامی میڈیا کاکہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ریاستی دارالحکومت منٹگمری کے شمال مشرق میں واقع چھوٹے سے قصبے ڈیڈویل کے ڈانس اسٹوڈیو میں سویٹ 16 پارٹی کے دوران پیش آیا جس میں کم از کم 20 افراد کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا ۔
قانون نافذ کرنے والے حکام نے واقعے میں کسی حملہ آور کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی اور نہ ہی ہلاک ہونے والوں کے نام بتائے گئے ہیں۔
امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ہلاک افراد میں زیادہ تر نوعمر نوجوان تھے ، واقعے کے 12 گھنٹے بعد بھی کچھ والدین اپنے بچوں کو تلاش کرتے نظر آئے ۔
مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایف بی آئی سمیت وفاقی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
اس واقعے کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے گن وائلنس کے قوانین کے مطالبات کی تجدید کی ہے ، وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ہماری قوم کہاں پہنچ گئی ہے جب بچے بغیر کسی خوف کے سالگرہ کی تقریب میں شریک نہیں ہو سکتے؟
یہ تازہ ترین اموات امریکا میں ریکارڈ پر ہونے والی مہلک ترین سکول شوٹنگ کی 16 ویں برسی کے موقع پر ہوئیں جب 2007 میں ورجینیا ٹیک میں 32 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
گن وائلنس آرکائیو کے مطابق، 2023 میں امریکا میں اب تک 163 بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات ہو چکے ہیں۔