ممبئی: (ویب ڈیسک) پونے سے ممبئی جانے والی مسافر بس ہائی وے پر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ ہائی وے پر گھاٹ پہاڑی سیکشن کے مقام پر ایک خطرناک موڑ کاٹتے ہوئے پیش آیا جس سے بس 300 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔
بس میں میوزیکل گروپ کے ارکان سوار تھے جو پونے ایک تقریب میں شرکت کے لیے گئے تھے اور واپسی پر حادثے کا شکار ہوگئے،قریبی علاقے کے رہائشیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مسافروں کو بس سے نکالا اور ہسپتال منتقل کیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق 16 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے جن میں 3 سال کا بچہ اور 15 سال کی لڑکی بھی شامل ہے، زخمیوں کی تعداد 29 ہے جن میں سے 4 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔