واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر جو بائیڈن نے شمالی کوریا کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا ارادہ بھی کیا تو حکومت کا خاتمہ کر دیں گے۔
جنوبی کوریا کے ساتھ معاہدے کے بعد پریس کانفرنس میں امریکی صدر نے شمالی کوریا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک نے ہمارے اتحادیوں کو ڈرایا یا دھمکایا تو اس کے خلاف بھرپور کارروائی ہو گی۔
ملاقات میں معاہدہ بھی طے پایا جس کے تحت امریکا جوہری بیلسٹک ٹیکنالوجی سے لیس آبدوز خطے میں بھیجے گا، نیوکلیئر آبدوز 40 برس کے بعد خطے میں پہنچے گی۔
معاہدے کے تحت جنوبی کوریا اور امریکا میں سکیورٹی تعاون، دوطرفہ فوجی مشقیں اور سٹریٹجک اثاثہ جات پرمعلومات کا تبادلہ سمیت دو طرفہ تجارت کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
معاہدے میں یہ بھی طے پایا ہے کہ جنوبی کوریا اپنا ایٹم بم نہیں بنائے گا جبکہ امریکا اس کی ہر طرح سے مدد کرے گا۔