ایران نے خلیج عمان سے آئل ٹینکر قبضے میں لے لیا

Published On 29 April,2023 06:31 am

تہران : ( ویب ڈیسک ) ایرانی فوج نے خلیج عمان میں مارشل آئی لینڈ کے جھنڈے والے آئل ٹینکر کو ایک ایرانی کشتی سے ٹکرانے کے بعد قبضے میں لے لیا۔

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی فوج کے بیان میں کہا گیا کہ ایک مارشل آئی لینڈ کے جھنڈے والے آئل ٹینکر کو خلیج فارس میں بحریہ نے اس وقت قبضے میں لے لیا جب وہ خلیج عمان میں ایک ایرانی کشتی سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں عملے کے متعدد افراد زخمی ہوئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق کشتی کے عملے کے دو ارکان لاپتہ ہیں اور کشتی کے ساتھ تصادم کی وجہ سے کئی زخمی ہوئے ہیں۔

اس سے قبل امریکی بحریہ نے کہا تھا کہ ایرانی فورسز نے خلیج عمان میں ایک ٹینکر کو بین الاقوامی پانیوں میں پکڑ لیا ہے۔

MarineTraffic.com سے جہاز کے لیے سیٹلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا نے عمان کے دارالحکومت مسقط کے بالکل شمال میں خلیج عمان میں ٹینکر کو دکھایا۔

بحرین میں مقیم امریکی فائفتھ فلیٹ نے ایران کی جانب سے بحری جہازوں کو ہراساں کرنے اور علاقائی پانیوں میں بحری حقوق میں مداخلت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکومت کو تیل کے ٹینکر کو فوری طور پر چھوڑ دینا چاہیے۔