اسرائیل کی غزہ پر بمباری، اسلامی جہاد کے 3 کمانڈرز سمیت 10 افراد شہید

Published On 09 May,2023 07:37 am

بیت المقدس : ( دنیا نیوز ) اسرائیلی ڈیفنس فورسز ( آئی ڈی ایف ) کی جانب سے غزہ کی پٹی پر کئے جانے والے فضائی حملوں میں اسلامی جہاد تحریک کے 3 کمانڈرز سمیت کم از کم 10 فلسطینی شہید ہو گئے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ فلسطینی اسلامی جہاد تحریک کے ارکان کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں غزہ کی پٹی میں 10 افراد شہید اور غیر مصدقہ تعداد میں لوگ زخمی ہوئے ہیں جبکہ حملوں کے نتیجے میں کئی عمارتیں اور گھر بھی تباہ ہو گئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق فضائی حملوں میں رہائشی اپارٹمنٹس اور اسلامی جہاد کے سنیئر کمانڈرز کے گھروں کو نشانہ بنایا گیا ہے اور شہدا میں تنظیم کے کمانڈر غنم اور ان کی اہلیہ بھی شامل ہیں۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ آج صبح سویرے غزہ شہر میں ایک اپارٹمنٹ کی عمارت کی اوپری منزل اور جنوبی شہر رفح میں ایک گھر میں دھماکہ ہوا جس کے بعد پورا غزہ دھماکوں سے گونج اٹھا اور متعدد افراد ان دھماکوں کے نتیجے میں زخمی ہو چکے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مختلف فلسطینی اکاؤنٹس کی جانب سے شیئر کی جانے والی اطلاعات کے مطابق حالیہ حملوں کے دوران 3 بچوں سمیت ایک پورا خاندان بھی شہید ہو گیا ہے جس کے سربراہ کی شناخت طارق عزیز الدین کے نام سے ہوئی ہے۔

غزہ کی پٹی کے جنوبی محصور شہر رفح پر اسرائیلی جارحیت کے دوران 5 سالہ بچی بھی شہید ہوئی جس کی شناخت حجر البحیتی کے نام سے ہوئی ہے۔