بیجنگ : (ویب ڈیسک ) امریکا کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن چین کے 2 روزہ دورے پر بیجنگ پہنچ گئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق انٹونی بلنکن کے دورے کا مقصد امریکا اور چین کے تعلقات کو بحال کرنا ہے ، اس دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ چینی ہم منصب چن گینگ، اعلیٰ سفارت کار سمیت ممکنہ طور پر صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ان ملاقاتوں میں دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان رابطے بڑھا کر کسی ممکنہ تصادم سے بچنے کا لائحہ عمل بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ سال 2018 کے بعد کسی بھی امریکی وزیر خارجہ کا چین کا پہلا دورہ ہے ، رواں سال فروری میں امریکی فضائی حدود میں مشتبہ چینی غباروں کے اڑنے پر بلنکن نے چین کا دورہ ملتوی کردیا تھا۔