کراچی: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق پاکستان کو چین سے ایک ارب ڈالر موصول ہو گئے ہیں۔
سٹیٹ بینک نے رقم وصولی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چین سے ایک ارب ڈالر کی رقم مرکزی بینک کے اکاؤنٹ میں منتقل ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف چاہتا ہے پاکستان سری لنکا بنے پھر مذاکرات کریں، اسحاق ڈار کا انکشاف
ذرائع کے مطابق چین کی جانب سے ملنے والا ایک ارب ڈالر کمرشل قرضہ ہے، ایک ارب ڈالر موصول ہونے کے بعد پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے رواں ہفتے چین کو پیشگی ادائیگی کی تھی، اب چین پاکستان کو یہ رقم واپس کر رہا ہے۔
اس سے قبل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا تھا کہ ہم نے چین کو جو قرض واپس کیا ہے وہ دوبارہ مل رہا ہے، چین سے ایک ارب ڈالر جلد موصول ہو جائیں گے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ ایک ارب ڈالرپر گفت و شنید مکمل ہوچکی ہے جب کہ بینک آف چائنا کے ساتھ بھی 30 کروڑ ڈالر پر بات چیت چل رہی ہے، چین کے سواپ معاہدے کے تحت بھی ڈالرز آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بجٹ آئی ایم ایف مشن سے شیئر کیا، پروگرام کیلئے پرعزم ہیں، وزارت خزانہ
اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ بجٹ سٹریٹجی پیپر میں تاخیرکی وجہ آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت میں تاخیر تھی، آئی ایم ایف نے بیرونی فنانسنگ کی شرائط رکھی ہے جسے ہم پورا کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ تمام انتظامات کر دیے گئے ہیں، ایک گیس پائپ لائن کا اثاثہ 50 ارب ڈالر کا پاکستان کے پاس ہے جب کہ ریکوڈک سے اربوں ڈالرحاصل کیے جا سکتے ہیں۔