بیجنگ : (ویب ڈیسک ) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے دو روزہ دورہ چین میں اپنے چینی ہم منصب سے ساڑھے پانچ گھنٹے کی طویل ملاقات کی ہے ۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کی چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کاامکان ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق بلنکن سے چینی وزیر خارجہ چن گانگ نے بیجنگ کے سرکاری گیسٹ ہاؤس میں ملاقات کی ، دونوں وزرائے خارجہ کی وفود کی سطح پر ملاقات ساڑھے 5 گھنٹے جاری رہی، ملاقات کے بعد انٹونی بلنکن عشائیہ میں شرکت کے لیے چلے گئے۔
آج انٹونی بلنکن چین کی خارجہ پالیسی کے اعلیٰ عہدیدار وانگ ای سے بھی ملیں گے ، وہ چینی حکام سے دوطرفہ تعلقات میں بہتری اور تجارتی تنازعات پر بات کریں گے۔
چینی وزارت خارجہ نے ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان طویل بات چیت ہوئی ہے اور انھوں نے بات چیت کو’’واضح، گہری اور تعمیری‘‘قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :امریکی وزیر خارجہ 2 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلنکن کی چینی وزیر خارجہ سے واضح، ٹھوس اور معیاری بات چیت ہوئی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق بلنکن نے مواصلات کے چینلز کھلے رکھنے پر زور دیا، دونوں رہنماؤں نے مشترکہ بین الاقوامی مسائل پر تعاون کے مواقع پر بھی گفتگو کی۔
امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے رابطوں کے تسلسل کیلئے چینی وزیر خارجہ کو واشنگٹن آنے کی دعوت بھی دی جس کو چینی وزیر خارجہ نے قبول کرلیا اور مناسب وقت پر امریکا آنے کی حامی بھری ہے۔
واضح رہے کہ سال 2018 کے بعد کسی بھی امریکی وزیر خارجہ کا چین کا یہ پہلا دورہ ہے ۔
خیال رہے کہ چین اور امریکا کے تعلقات فروری میں اس وقت پیچیدہ مرحلے میں داخل ہو گئے تھے جب جاسوس غبارے کے معاملے کے بعد وزیرخارجہ بلنکن نے چین کا دورہ منسوخ کر دیا تھا۔