لندن : ( دنیا نیوز ) برطانیہ میں عیدالاضحیٰ منانے کے حوالے سے اس سال پھر علماء کرام ایک پیج پر نہ آ سکے اور مسلم کمیونٹی دو حصوں میں تقسیم ہوگئی۔
برطانیہ میں اس سال بھی دو عیدیں ہوں گی، سینٹرل لندن مسجد نے 28 جون جبکہ مرکزی جماعت اہلسنت یو کے اوور سیز ٹرسٹ نے 29 جون کو عید منانے کا اعلان کیا ہے۔
سینٹرل لندن مسجد کے مطابق برطانیہ میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا ہے جس کے بعد یوم عرفہ 27 اور عیدالاضحیٰ 28 جون کو ہوگی۔
دوسری جانب مرکزی جماعت اہلسنت یو کے اوور سیز ٹرسٹ کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ 29 جون کو منائی جائے گی۔
علماء کرام کے درمیان اتفاق نہ ہونے پر برطانیہ میں مقیم مسلم کمیونٹی پریشانی کا شکار ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں ذو الحج کا چاند نظر آگیا ہے جس کے بعد وہاں عید الاضحیٰ 28 جون بروز بدھ منائی جائے گی جبکہ پاکستان میں کلائیمنٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر نے 20 جون کو یکم ذوالحج اور عید الاضحیٰ 29 جون کو ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔