ٹیکساس میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک، 8 زخمی ہوگئے

Published On 04 July,2023 09:03 pm

فورٹ ورتھ: (ویب ڈیسک) امریکی شہر فورٹ ورتھ میں ایک عمارت کی پارکنگ میں مسلح شخص کی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ریاست ٹیکساس کے شہر فورٹ ورتھ میں پیش آیا جس میں ایک شخص موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جب کہ 10 افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

زخمیوں کو ایمبولینسوں اور شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اپنی کاروں میں ہسپتال منتقل کیا، 2 زخمیوں نے زیادہ خون بہہ جانے کے باعث اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا جبکہ 2 دیگر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

مسلح ملزم فائرنگ کے بعد فرار ہوگیا جس کی تلاش میں پولیس نے چھاپا مار کارروائی بھی کی تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے قبل حملہ آور اور متاثرین کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی بھی ہوئی تھی، زخمی افراد واقعے سے متعلق پولیس سے تعاون نہیں کر رہے ہیں جس سے یہ شُبہ ہوتا ہے کہ واقعہ گینگ وار کا شاخسانہ ہوسکتا ہے۔