اسرائیلی فورسز کا جنین میں دو روزہ آپریشن کے بعد انخلاء

Published On 05 July,2023 06:19 am

مقبوضہ بیت المقدس: ( ویب ڈیسک ) مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے جنین میں 2 روزہ آپریشن کے بعد اسرائیلی فورسز نے انخلاء شروع کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنین میں ایک پناہ گزین کیمپ میں بڑے پیمانے پر اسرائیلی فوجی آپریشن کے نتیجے میں کم از کم 12 فلسطینی شہید ہوئے۔

اسرائیل نے پیر کی الصبح جنین کے پناہ گزین کیمپ پر آپریشن کا آغاز متعدد ڈرون حملوں سے کیا اور اسرائیلی فوجیوں نے کیمپ پر چڑھائی کی جس کے نتیجہ میں دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

اسرائیل ڈیفنس فورسز ( آئی ڈی ایف ) نے دعویٰ کیا کہ وہ جنین کے علاقے میں دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے پر حملے کر رہے ہیں اور یہ دہشت گردوں کا گڑھ ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ منگل کی شام کو پناہ گزین کیمپ میں ایک نان کمیشنڈ افسر جنگجو کیمپ میں براہ راست گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا جس کے بارے حماس گروپ کا کہنا تھا کہ یہ جنین کیمپ پر حملے کا رد عمل تھا۔

فلسطینی ہلال احمر کا کہنا تھا کہ اس نے جنین کیمپ سے تقریباً 3,000 افراد کو نکال لیا ہے جہاں تقریباً 14,000 لوگ آدھے مربع کلومیٹر سے بھی کم کے علاقے میں رہتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے اداروں نے اسرائیلی حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طبی امداد دینے والوں کو شدید زخمیوں تک پہنچنے سے روکا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیلی حملے رکوانے کیلئے عالمی برادری سے مدد کی اپیل بھی کی تھی۔