پیرس : (ویب ڈیسک ) فرانس میں پُرتشدد مظاہروں کے بعد قومی دن کے موقع پر آتش بازی کے سامان پر پابندی عائد کردی گئی ۔
خبر ایجنسی کے مطابق فرانسیسی حکومت نے 14 جولائی کو قومی دن کے موقع پر عام تعطیل پر ملک بھر میں آتش بازی کے فروخت اور آتش بازی کے سامان کی نقل و حمل پر پابندی عائد کر دی ہے۔
فرانسیسی پولیس کے ہاتھوں 17 سالہ نوجوان کی ہلاکت کے بعد ملک بھر میں جاری پرتشدد مظاہروں میں پٹاخوں کے استعمال کے باعث یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ قومی تہوار پر امن عامہ میں کسی گڑبڑ سے بچنے کےلیے پابندی لگائی گئی ہے اور یہ پابندی 15 جولائی تک برقرار رہے گی۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ پابندی پیشہ ور افراد یا میونسپلیٹی اداروں کے لیے نہیں ہے جو فرانس کے خاص دن کی تقریبات کے لیے روایتی آتش بازی کا اہتمام کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :فرانس : فاسٹ ٹریک انصاف کا حصول دنیا کے لیے مثال بن گیا
فرانس کے قومی دن باسٹیل ڈے کی سالانہ تقریبات کے موقع پر ملک بھر میں آتش بازی کی نمائش کی جاتی ہے ، دوسری جانب یہی آتش بازی ملک میں فسادات بھڑکانے میں بھی کام آ رہی ہے۔
پیرس کے مضافاتی علاقے میں پولیس کے ہاتھوں نوجوان کی ہلاکت کو 2005 کے بعد سے فرانس کا بدترین شہری تشدد سمجھا جاتا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ناہیل کی ہلاکت کے بعد سے جاری فسادات میں 3700 سے زیادہ مظاہرین کو پولیس نے حراست میں لیاہے جن میں ایک ہزار 160 کم عمر افراد بھی شامل ہیں۔