ایتھنز: پاکستان کرسچن کمیونٹی یونان کے زیر اہتمام تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

Published On 25 August,2023 11:24 pm

ایتھنز: (دنیا نیوز) دارالحکومت ایتھنز میں پاکستان کرسچن کمیونٹی یونان کے زیر اہتمام تعزیتی ریفرنس میں کمیونٹی کے اکابرین اور پاسٹرز نے جڑانوالہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کر کے اصل مجرموں کو انصاف کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ سے آئے پاسٹر مائیکل کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارے دلوں میں بستا ہے، چند شر پسند عناصر پاکستان کا امن تباہ کرنے کیلئے منفی سرگرمیاں کر کے مسلمانوں اور مسیحی برادری کو لڑوانا چاہتے ہیں، ہمیں ایسے عناصر کو بےنقاب کرنا ہوگا۔

پاسٹر مائیکل نے کہا حکومت پاکستان ایسے عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لائے اور جڑانوالہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کر کے اصل مجرموں کو انصاف کے مطابق سزا دے، علمائے کرام بھی مذہبی بھائی چارے کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

پاسٹر افتخار خان اور پاکستان کرسچن کمیونٹی یونان کے صدر ڈاکٹر خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ جڑانوالہ حادثہ کے بعد تمام مسیحی برادری کے دل دکھی ہیں اور ہمارا مطالبہ ہے کہ اس واقعے کی صاف اور شفاف تحقیقات کروائی جائیں۔

تقریب کے آخر میں پاکستان کے امن اور سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔