نائیجر : (ویب ڈیسک ) نائیجر میں وزارت خارجہ نے 48 گھنٹوں میں فرانسیسی سفیر سلوین ایٹے کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔
نائیجر میں فوج نے 26 جولائی کو بغاوت کرکے اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا ، نیجر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ سفیر کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ جزوی طور پر نائیجر کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کی دعوت کا جواب دینے سے انکار کرنے کی وجہ سے لیا گیا ہے۔
انہوں نے بیان میں مزید کہا کہ فرانسیسی حکومت کے دیگر اقدامات بھی نائیجر کے مفادات کے خلاف تھے، بیان میں ان اقدامات کی مزید تفصیل نہیں بتائی گئی۔
یاد رہے نائیجر میں سابق نوآبادیاتی طاقت فرانس نے صدر محمد بازوم کو ان کی معزولی کے بعد عہدے پر واپس آنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب فرانسیسی وزارت خارجہ نے اس حوالے سے تبصرہ کرنے کی درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔