روم : (ویب ڈیسک ) اٹلی میں فوجی مشقوں کے دوران طیارہ سڑک پر گرنے کے نتیجے میں کار میں سوار پانچ سالہ بچی ہلاک اور 4 افراد زخمی ہوگئے جبکہ طیارہ مکمل تباہ ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثے کا شکار طیارے کا پائلٹ پیراشوٹ کے ذریعے طیارے سے نکلنے میں کامیاب ہو گیا تھا لیکن سڑک پر طیارہ گرنے سے سڑک سے گزرتی کار میں سوار خاندان اس کی زد میں آگیا۔
حادثے میں ہلاک ہونے والی5 سالہ بچی کا بھائی اور والدین بھی زخمی ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فوجی مشقوں کے دوران طیارہ گرنے کا منظر کیمرے میں محفوظ ہوگیا تھا، دوران مشق طیارہ گر کر سڑک سے گزرتی گاڑی سے ٹکرایا جس میں ایک ہی خاندان کے چار افراد سفر کر رہے تھے۔
طیارہ گرتے وقت پائلٹ پیراشوٹ کے ذریعے طیارے سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا، جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹلی فوج کے عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ کے اڑان بھرتے ہی انجن سے پرندوں کا غول ٹکرایا جس سے انجن بند ہوگیا تھا۔
طیارہ حادثے کے بعد فوجی مشق دیکھنے کے لیے منعقدہ تقریب کو منسوخ کردیا گیا جس میں 4 ہزار مہمانوں کو دعوت دی گئی تھی ۔