کابل: (ویب ڈیسک)افغانستان نے بھارت کے عدم تعاون کے باعث نئی دہلی میں واقع افغان سفارتخانے کو بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق افغان سفارتخانے کی جانب سے بھارتی وزارت داخلہ کو خط لکھتے ہوئے نئی دہلی میں سفارتخانہ بند کرنے کا اعلان کیا گیا، افغان ایمبیسی انڈیا کی جانب سے جاری بیان میں یکم اکتوبر سے نئی دلی میں سفارتخانے کی تمام سرگرمیاں بند کرنے پر افسوس اور مایوسی کا اظہار بھی کیا گیا۔
خط میں سفارتخانے کی سرگرمیاں بند کرنے کا فیصلہ عملے کی قلت، وسائل کی کمی اور بھارتی حکومت کے عدم تعاون کو قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ بھارتی حکومت کے عدم تعاون کے باعث سفارتی مشن مؤثر طریقے سے چلانے میں مشکلات کا سامنا رہا جبکہ عملے اور وسائل کی قلت کی وجہ سے سفارتی آپریشن جاری رکھنا چیلنج بن گیا تھا۔
افغان سفارتخانے کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت افغانستان کے مفادات کے لیے خدمات کی توقعات پوری کرنےمیں مکمل طور پر ناکام رہا۔
خط میں سفارتخانے کو بند کرنے کی ایک وجہ کابل میں ایک آئینی طور پر کام کرنے والی حکومت کی عدم موجودگی کے پیش نظر افغانستان کے مفادات کو نظر انداز کرنا ، سفارت کاروں کیلئے ویزہ تجدیدبروقت نہ ہونابھی معطلی جیسی وجوہات میں شامل ہیں۔