تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیلی وزیر دفاع نے حماس کو مکمل ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے فوجیوں کو تیار رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
غزہ کی سرحد پر موجود فوجی دستوں سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیل کے وزیر دفاع یوو گلانٹ نے کہا ہے کہ حماس تنظیم کا مکمل خاتمہ کر کے دم لیں گے، اس میں ایک ہفتہ، ایک مہینہ، دو مہینے لگ سکتے ہیں۔
دوسری جانب جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل کی جانب سے غزہ پر فضائی حملے جاری ہیں، صیہونی فورسز نے مغربی کنارے میں کارروائی کرتے ہوئے مزید 69 فلسطینیوں کو شہید کر دیا، اسرائیلی فوج کی جانب سے مسلسل ہسپتالوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 3785 ہو گئی جبکہ 13 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں، کشیدہ صورتحال کے باعث غزہ میں بجلی، پانی، ایندھن سمیت بنیادی سامان بھی ناپید ہے، خوراک کی شدید قلت نے بچوں، بوڑھوں اور خواتین کو نڈھال کر دیا۔