غزہ: (دنیا نیوز) صیہونی فورسز نے غزہ پر جارحیت کی نئی داستان رقم کر دی، قابض اسرائیلی فوج کے خان یونس کے قریب فضائی حملے میں 30 فلسطینی شہید ہوگئے جس کے بعد شہدا کی مجموعی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
تفصیلات کے مطابق غزہ کے نہتے شہریوں پر اسرائیلی مظالم کا سلسلہ تاحال جاری ہے، صیہونی فورسز کے خان یونس کے قریب فضائی حملے میں 30 نہتے فلسطینی شہید جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کی زمینی فوج کا غزہ میں رات کو بڑا حملہ کرنے کا دعویٰ
اسرائیلی فورسز کی جانب سے فضائی حملہ رہائشی عمارتوں پر کیا گیا جس سے متعدد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں، فضائی حملے کے باعث درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کی غزہ پر زمینی حملے کی تیاری، بائیڈن انتظامیہ کا پرامن راستہ اپنانے پر زور
عرب میڈیا کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 7 ہزار 28 ہو گئی ہے، شہدا میں 3 ہزار بچے اور 1 ہزار 709 خواتین بھی شامل ہیں۔
صیہونی فوج مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی 104 فلسطینیوں کو شہید کر چکی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج نے 250 مقامات پر حملے کیے۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ میں جاری جنگ پورے مشرق وسطیٰ کو لپیٹ میں لے سکتی ہے، روسی صدر
اسرائیلی ڈیفنس فورس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گزشتہ رات متعدد مقامات پر ٹینکوں سے ہدف کو نشانہ بنایا گیا، یہ زمینی حملہ اگلے مراحل کی تیاری ہے۔