مقبوضہ بیت المقدس: (دنیانیوز) حماس نے اسرائیل پر سب سے طویل میزائل حملہ کیا ہے ، حماس نے غزہ کی پٹی سے دو سو بیس کلومیٹر دور اسرائیلی شہر ایلات کونشانہ بنایا ۔
فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے طویل فاصلے تک مار کرنے والےمیزائل عیاش داغنے کی ویڈیو جاری کردی۔
تاہم اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس راکٹ حملے سے فوری طور پر کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق بتایا گیا ہے کہ یہ راکٹ غزہ سے دور واقع اسرائیلی تفریحی مرکز ایلات کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیے گئے ، اسرائیلی فوج نے اس راکٹ حملے کی مار اسرائیل کے باہر والے علاقے تک ہوئی تسلیم کی ہے۔
عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس نے گزشتہ برسوں کے دوران اپنے راکٹوں کی استعداد بڑھانے کے علاوہ تعداد بھی بڑھائی ہے، جس کی وجہ سے اسرائیل کو اب کی بار حماس سے حیران کن حملوں کا سامنا ہوا ہے۔
دوسری جانب دنیابھر کی کوششیں اور مذمتوں کے باوجود اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار ہے ، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ایک بار پھر فلسطینیوں کو غزہ خالی کرنے کی دھمکی دی ہے ۔
نیتن یاہو نے کہا ہے کہ فلسطین پر زمینی حملے کی تیاری کر رہے ہیں اور حماس کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں :فلسطین پر زمینی حملے کی تیاری کر رہے ہیں: اسرائیلی وزیر اعظم
واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ 20 ویں روز بھی جاری ہے جس کے نتیجے میں فلسطینی شہریوں کی شہادتوں کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔