واشنگٹن: (دنیا نیوز) ہزاروں فلسطینیوں کے قاتل اسرائیل کے حمایتی مائیک جانسن 220 ووٹ لے کر امریکی ایوان کے سپیکر منتخب ہو گئے۔
اپوزیشن جماعت رپبلکن پارٹی کے مائیک جانسن امریکی ایوان نمائندگان کے 56 ویں سپیکر منتخب ہوئے ہیں، ان کے مد مقابل حکومتی جماعت ڈیمو کریٹک کے امیدوار حکیم جیفریز نے 209 ووٹ حاصل کئے۔
امریکی ایوان نمائندگان کے سپیکر میک کارتھی کو چند ہفتے قبل عہدے سے ہٹایا گیا تھا، سپیکر کیون میکارتھی کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے فوری بعد ٹرمپ کا نام پیش کیا گیا۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سپیکر کے انتخاب میں حصہ لینے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پارٹی کو ضرورت ہوئی تو مختصر مدت کیلئے سپیکر بن سکتا ہوں، بہت سے لوگ مجھے سپیکر بنانے کے حوالے سے فون کر رہے ہیں۔
امریکی ایوان نمائندگان کے نومنتخب سپیکر اسرائیل کی حمایت میں صدر جوبائیڈن سے بھی ایک قدم آگے ہیں، انہوں نے منتخب ہوتے ہی امریکا اسرائیل دوستی کے حق میں قرارداد لانے کا اعلان کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں امریکی ہاؤس کے سپیکر مائیک جانسن نے کہا ہے کہ خطے میں بڑا امریکی اتحادی اسرائیل حملوں کی زد میں ہے، ہم قرارداد کی منظوری میں تاخیر کر رہے ہیں۔