غزہ: اسرائیلی بمباری سے الجزیرہ کے رپورٹر کی فیملی بھی شہید

Published On 26 October,2023 04:30 am

غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیل کی غزہ میں پناہ گزین کیمپ پر بمباری کے نتیجے میں الجزیرہ نیوز چینل کے رپورٹر کی فیملی بھی شہید ہو گئی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق رپورٹر وائل الدحدوح کو اسرائیلی حملوں کی کوریج کے دوران فیملی کی شہادت کی خبر ملی، شہید ہونے والوں میں رپورٹر کی بیوی، بیٹا اور بیٹی شامل ہیں، بیٹا محمود ہائی سکول کے آخری سال جبکہ بیٹی شام 7 برس کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ پراسرائیلی بمباری جاری، 24 گھنٹوں میں 704 فلسطینی شہید،تعداد 5800 ہوگئی

رپورٹر وائل الدحدوح کے خاندان کے کچھ افراد غزہ کے جنوب میں واقع نصیرات پناہ گزین کیمپ میں مقیم ہونے کی وجہ سے اسرائیلی حملے میں بال بال بچ گئے، جس وقت واقعہ پیش آیا وائل الدحدوح اپنے پیشہ وارانہ فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

واضح رہے کہ امریکا کا خیال ہے کہ قطری نیٹ ورک الجزیرہ کی جنگ کی کوریج خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہی ہے اور یہ اسرائیل مخالف اشتعال انگیزی سے بھری ہوئی ہے۔

وائل الدحدوح کے گھر پر حملہ اُن رپورٹس کے فوراً بعد سامنے آیا جس میں امریکی سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے قطری وزیر اعظم سے الجزیرہ کی کوریج کو نرم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔