نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ میں فلسطینی نمائندے ریاض منصور نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجی جان بوجھ کر عام شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، غزہ کے رہائشیوں کے پاس ماتم کرنے تک کا وقت نہیں۔
اقوام متحدہ کے ہنگامی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے فلسطینی نمائندے ریاض منصور نے کہا ہے کہ اسرائیل نے 3 ہفتوں میں 7 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو بے دردی سے شہید کر دیا، شہیدوں میں 3 ہزار بچے اور 1700 سے زائد خواتین شامل ہیں۔
شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے ریاض منصور نے کہا کہ یہ وہ جنگ ہے جس کا آپ دفاع کر رہے ہیں، یہ جنگ نہیں انسانیت کیساتھ گھناؤنا مذاق ہے، خدارا غزہ کے نہتے اور معصوم شہریوں پر بمباری بند کی جائے، اسرائیلی فوج نے غزہ کا نقشہ تبدیل کر کے رکھ دیا ہے۔