غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیل غزہ کو صفحہ ہستی سے مٹانے پر تل گیا ہے، صیہونی فورسز کا غزہ میں زمینی آپریشن جاری ہے جس میں بحری افواج بھی غزہ پر تباہ کن بمباری کر رہی ہے۔
اسرائیلی بمباری کے باعث غزہ میں ہر طرف افرا تفری کا عالم ہے، آگ اور دھویں کے بادل غزہ پر چھائے ہوئے ہیں جبکہ ٹیلی فون اور انٹرنیٹ لائنز مکمل طور پر بند ہیں جس سے پریشان حال فلسطینیوں کے باہر کی دنیا سے رابطے منقطع ہو گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل نے غزہ میں زمینی کارروائی شروع کر دی، انٹرنیٹ بند، سرحد پر جیمرز نصب
حالیہ جھڑپوں میں شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 7 ہزار 703 ہو گئی ہے، شہدا میں 3500 سے زائد بچے اور ایک ہزار سے زائد خواتین بھی شامل ہیں، مسلسل بمباری سے غزہ میں امدادی سرگرمیاں بھی معطل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: تاریخ کی بدترین بمباری، اسرائیل کا حماس کے فضائی آپریشن کے سربراہ کو مارنے کا دعویٰ
صیہونی فورسز کی جانب سے شمالی علاقوں بیت لاحیہ، بیت حنون، غزہ شہر کے شمال مغربی اور وسطی علاقوں کو سب سے زیادہ نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ میں مظلوم فلسطینیوں کے حق میں قرارداد منظور، اسرائیل کی شدید تنقید
قابض اسرائیلی افواج نے جنوب میں واقع الشاتی کیمپ میں رہائشی ٹاور کو زمین بوس کر دیا، حملے میں 100 سے زائد افراد شہید ہوگئے، اسرائیلی فوج نے 2 رہائشی عمارتوں پر بھی حملے کیے جن میں 16 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔