غزہ: (دنیا نیوز) سفاکیت میں اسرائیل کا کوئی ثانی نہ بچا، صہیونی فورسز نے بمباری کر کے غزہ کے سب سے بڑے ہسپتال کے سولر سسٹم کو تباہ کر دیا۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ کے سب سے بڑے طبی مرکز الشفا ہسپتال کے سولر پینل سسٹم کو نشانہ بنایا گیا جس کے باعث ہسپتال میں توانائی حاصل کرنے کا واحد ذریعہ بھی تباہ ہو گیا ہے۔
عرب میڈیا نے بتایا ہے کہ غزہ کے 33 میں سے 16 ہسپتال اسرائیلی بمباری کے باعث بند ہو چکے ہیں جب کہ باقی ہسپتالوں پر بھی شدید دباؤ ہے اور ایندھن کی شدید قلت کے باعث ہسپتالوں میں انکیوبیٹرز اور دیگر طبی آلات چلانا مشکل ہو رہا ہے۔
اسرائیل کی جانب سے ہسپتالوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جا رہا ہے، صیہونی فضائیہ غزہ میں موجود پانی کے کنوؤں اور بیکریوں کو بھی چن چن کر نشانہ بنا رہی ہے تاکہ غزہ کے باسیوں کی زندگی مزید اجیرن ہو جائے اور وہ علاقے کو خالی کر دیں۔