واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کی جانب سے اسرائیل کے وزیر کے غزہ پر ایٹم بم گرانے کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے ڈپٹی ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر کی غزہ پر ایٹم بم گرانے کی دھمکی نفرت انگیز ہے، امریکا اسرائیل کے وزیر کے بیانات کی مذمت کرتا ہے، نفرت انگیز بیان بازی سے پرہیز کیا جائے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل اسرائیلی وزیر الیاہو نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ غزہ پر ایٹم بم گرانا خارج از امکان نہیں ہے، فلسطینیوں کو آئرلینڈ یا کسی صحرا پر چلے جانا چاہیے۔
بعد ازاں اسرائیلی وزیر غزہ پر ایٹم بم گرانے کے بیان سے مکر گئے اور کہا کہ ایٹم بم استعمال کرنے کی بات میں نے استعارے کے طور پر کہی تھی۔
اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیر الیاہو کا بیان حقیقت پسندانہ نہیں، اسرائیلی فورسز غزہ میں معصوم لوگوں کو نقصان پہنچانے سے بچانے کیلئے بین الاقوامی معیار کے مطابق آپریشن کر رہی ہیں جو ہماری فتح تک جاری رہے گا۔